لندن: اللہ تعالی نے معرکہ حق میں ہمیں وہ فتح دی ہے کہ مشرق سے مغرب تک لوگ سبز پاسپورٹ کو دیکھ کر پاکستان کو سلام کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں اوورسیز پاکستانیوں کی تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز نہ صرف معاشی بلکہ سیاسی طور پر بھی دنیا میں پاکستان کا دفاع کرتے ہیں اس پر میں آپ کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے سفیر ہیں جو دن رات محنت کرتے ہیں، آپ لوگوں نے محنت سے قیمتی ترسیلات زر پاکستان بھیجی، میں کیوں نہ آگے بڑھ کر آپ کو سلام پیش کروں؟
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے کاکول میں پہلگام واقعے سے متعلق پاکستان کی لاتعلقی کا اظہار کیا اورعالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ہمسایہ ملک نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا اور دشمن نے پاکستان پر حملہ کردیا لیکن ہم نے ایک جھٹکے میں دشمن کے 6 جہاز زمین بوس کردیے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دشمن کے حملے کی اطلاع دی تو ان کی آواز میں ٹھہراؤ اور یقین محکم تھا، انہوں نے مجھ سے کہا کہ اب مجھے اجازت دیں، دشمن کو سبق سیکھائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عرب ممالک کے ایک سربراہ نے مجھ سے پوچھا کہ اس معرکے میں فتح کی وجہ بننے والی 2 باتیں کونسی ہیں۔ میں نے جواب دیا کہ پہلی وجہ فوج کی پیشہ ورانہ تربیت اور مہارتیں تھیں اور دوسری وجہ سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں وہ فتح دی ہے کہ مشرق سے مغرب تک لوگ سبز پاسپورٹ کو دیکھ کر پاکستان کو سلام کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ یہ بات کی ہے کہ کشمیر، پانی اور تجارت کے مسئلے پر برابری کی سطح پر بات کرنا چاہتے ہیں، یہ ہم پر ہے کہ ہم امن سے رہنا چاہتے ہیں یا جھگڑے سے۔ لیکن اس کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل ہونا ضروری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دیکھتی آنکھوں نے ایسے دلخراش مناظر کبھی نہیں دیکھے۔
Please follow and like us: