اسرائیل اور ایران کے درمیان گھمسان کی جنگ،اسرائیل کا حملہ ایران کا بھرپور جواب۔
اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کرتے ہوئے اس کے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا
اسلام آباد:اسرائیل اور ایران کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری، جنگ کا آغاز آج صبح ایران پر اسرائیلی حملوں سے ہوا،
اسرائیل نے ایران پر فضائی حملہ کرتے ہوئے اس کے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ، ان حملوں میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت متعدد فوجی کمانڈرز، 6 جوہری سائنسدان اور عام شہری شہید ہو گئے۔
ایران کی بھرپور جوابی کاروائی،
ایران نے بھرپور جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل پر 100 سے زائد ڈرونز سے حملہ کر دیا۔
اس سے قبل ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کے خدشے پر اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور حکومت نے شہریوں کو بم شیلٹرز کے قریب رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران پر حملوں میں 200 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔
قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے ایرانی قوم کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ آج صبح صہیونی ریاست نے ہماری سرزمین پر شیطانی اور خون آلود ہاتھوں سے ایک سنگین جرم کا ارتکاب کیا، دشمن نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی فطرت کو پہلے سے زیادہ بے نقاب کر دیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، اللہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیئے بغیر نہیں رکیں گے۔