اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ مالی سال کے بجٹ تجاویز میں پیٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے  جس سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی ماحول دوست گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک نئی پالیسی بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

 وزیر خزانہ نے بتایا کہ پیٹرول، ڈیزل اور فرنس آئل پر ڈھائی فیصد کاربن لیوی لگے گی”۔ یہ ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ 2026 تک یہ لیوی 5 روپے فی لیٹر کردی جائے گی، جس سے آئندہ بھی ان مصنوعات کی قیمتوں پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔

 ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور پائیدار توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے نئی انرجی وہیکل پالیسی تیار کی گئی ہے۔ اس پالیسی کے تحت 2 اور 3 پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔

 گاڑیوں کے شعبے میں بھی نئے ٹیکس اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق گاڑیوں کی تیاری اور فروخت پر ایک فیصد اور پھر درجہ بندی سے لیوی عائد ہوگی۔ یہ اقدام ملکی آٹو سیکٹر میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ اور ٹیکس کے نظام کو منظم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔