نجامینا: افریقی ملک چاڈ نے امریکہ کی جانب سے سفری پابندیاں عائد کیے جانے پر جوابی اقدام کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر متعدد ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی، جس پر چاڈ نے سخت ردعمل دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں جن ممالک کو سفری پابندی کا سامنا ہے ان میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹیریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں۔
امریکی فیصلے کے ردعمل میں چاڈ کے صدر ماہمات ادریس نے امریکی شہریوں کے لیے ویزے بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ سرکاری سطح پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
صدر ادریس نے جمعرات کے روز ایک فیس بک پوسٹ میں صدر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا،
"چاڈ کے پاس نہ تو طیارے ہیں اور نہ ہی اربوں ڈالر، لیکن ہمارے پاس خودداری اور قومی وقار ضرور موجود ہے۔”
دوسری جانب، افریقی ملک جمہوریہ کانگو نے بھی امریکی فیصلے پر اعتراض کیا ہے۔ کانگو حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کو دہشت گرد ریاست قرار دینا سراسر غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگو نہ تو دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے اور نہ ہی دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ایران، افغانستان اور دیگر 10 ممالک کے شہریوں پر سکیورٹی خدشات کے تحت سفری پابندیاں عائد کی ہیں، جس پر عالمی سطح پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔