اسلام آباد ۔ انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں گداگروں کی سمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے
ترجمان کے مطابق ملزم کو چھاپہ مار کاروائی میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ،گرفتار ملزم کی شناخت سردار محمد عادل کے نام سے ہوئی ،ملزم عمرہ ویزہ کی آڑ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث پایا گیا
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر خواتین کو عمرہ ویزے پر سعودی عرب بھجوایا۔ بعد ازاں مذکورہ خواتین مبینہ طور پر گداگری میں ملوث رہیں ،مذکورہ خواتین نے ویزہ کی معیاد ختم ہونے کے باوجود 10 ماہ تک سعودی عرب قیام کیا
ترجمان کے مطابق زائد المعیاد قیام کی بنیاد پر خواتین کو پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا ،خواتین کی نشاندہی پر ملزم سردار محمد عادل کو گرفتار کیا گیا ،ملزم کے ساتھ شریک دیگر ساتھیوں کے ملوث ہونے کا تعین کیا جا رہا ہے ۔