بھارت باز نہ آیا؛ پاک فوج نے راولپنڈی، کراچی، گھوٹکی، گجرانوالہ، لاہور میں دشمن کے ڈرونز مار گرائے
اسلام آباد ۔بھارت کی جنگی مہم جوئی کا سلسلہ نہ تھم سکا، آج صبح پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھارتی جاسوس ڈرونز کی پروازیں دیکھی گئیں جنہیں پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا، جبکہ کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
اطلاعات کے مطابق گوجرانوالہ، لاہور، گھوٹکی اور کراچی کے ملیر علاقے میں دشمن کے ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا۔ گوجرانوالہ میں صبح سویرے دو زوردار دھماکوں کے بعد کینٹ کے علاقے میں نصب ایئر ڈیفنس نظام نے فوری حرکت میں آ کر ایک بھارتی ڈرون کو تباہ کر دیا۔ ڈرون کے فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی دفاعی نظام نے مؤثر جواب دیا۔
لاہور میں بھی والٹن اولڈ ایئرپورٹ اور برکی جیسے حساس مقامات کے قریب بھارتی ڈرونز نے فضائی سرگرمی کی کوشش کی، تاہم پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرا دیا۔
ڈرونز کی موجودگی اور ان کے گرنے سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق والٹن اور ڈی ایچ اے کے علاقوں میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں دراصل فوجی مشقوں کا حصہ تھیں، اور سائرن بجا کر شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی۔
جلو پارک کے قریب ایک اور بھارتی ڈرون کو پاک فوج نے مار گرایا جس کے بعد جلو پارک کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا، جبکہ داخلی راستوں پر پولیس اور ایلیٹ فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
ادھر سندھ کے ضلع گھوٹکی کے گاؤں سرفراز لغاری میں بھی ایک بھارتی ڈرون گرنے کی اطلاع ملی، اس واقعے میں ایک شہری مختیار احمد شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
کراچی کے علاقے ملیر، شرافی گوٹھ میں بھی ایک ڈرون گرنے کی اطلاع ہے، جہاں پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیشی کارروائی شروع کر دی ہے۔
راولپنڈی کے شمس آباد فوڈ اسٹریٹ کے قریب ایک عمارت کے شیشے ٹوٹنے اور ایک شہری کے زخمی ہونے کا واقعہ بھی بھارتی ڈرون کے گرنے سے منسلک پایا گیا۔ تھانہ نیوٹاؤن کے تحت کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب بھی ایک نامعلوم ڈرون گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ ریس کورس گراونڈ کے نزدیک بھی ڈرون طیارہ گرا، جس کے بعد فوج اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ قریبی نجی اسکولوں کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔