اسلام آباد۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بیان دیا ہے کہ بھارت نے پاکستانی قوم کو للکارا ہے، لیکن ہم اس کی اس غلط فہمی کو جلد ختم کر دیں گے۔
بھارتی جارحیت کے بعد میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حملے کا جواب کب، کہاں اور کس طرح دینا ہے، اس کا فیصلہ ہماری مرضی سے کیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ ہمارا دشمن نہایت بزدل اور کم حوصلہ ہے۔ بھارتی جنگی طیاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پاکستانی سرزمین پر حملہ آور ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے تنگ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا، لیکن قوم کی مکمل تائید سے ہماری مسلح افواج نے فوری اور سخت ردعمل دے کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ پاک فوج نے بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے مار گرائے جن میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی طیارہ شامل تھا، اس کے علاوہ 7 ڈرونز کو بھی تباہ کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے حملہ کیا، اُس وقت پاکستانی فضائی حدود میں 57 بین الاقوامی پروازیں موجود تھیں، اس حملے سے بھارت نے کئی ممالک کے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نشانہ بنانا نہ صرف ناقابل قبول بلکہ انتہائی خطرناک اقدام ہے۔