The news is by your side.

پاکستان کسی بھی بھارتی اقدام کا فیصلہ کن جواب دے گا، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

0

اسلام آباد ۔قومی اسمبلی نے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی جارحانہ اقدامات کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے پہلگام میں پیش آئے سانحے اور پانی سے متعلق مسائل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے متعدد بار غیر جانبدارانہ تحقیق کا مطالبہ کیا ہے، اور پاکستان سے زیادہ دہشت گردی کے نقصانات سے کوئی واقف نہیں ہو سکتا۔

ایوان میں پہلگام واقعے پر بحث کے لیے باقاعدہ تحریک پیش کی گئی، جس کے نتیجے میں معمول کی پارلیمانی کارروائی عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ یہ تحریک وفاقی وزیر قانون، اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی۔

بعد ازاں، بھارتی جارحیت کے خلاف ایک قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پیش کی، جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی ہر شکل میں دہشت گردی کی مخالفت کرتی ہے، اور بھارت کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتی ہے۔ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحانہ اقدام کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.