اسلام آباد ۔پاکستان کے معروف اداکار اور گلوکار فرحان سعید نے حال ہی میں بھارتی علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے پر بھارتی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا تھا، تاہم اب انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے سوشل اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر لگائی گئی پابندی پر دلچسپ انداز میں ردعمل دیا ہے۔
فرحان سعید، جو اپنی جاندار اداکاری اور دل کو چھو لینے والی آواز کے باعث پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی بے حد مقبول ہیں، اُڈاری، سنو چندا، پریم گلی اور میرے ہمسفر جیسے کامیاب ڈراموں کے ذریعے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ان دنوں وہ ڈرامہ ’’شیریں فرہاد‘‘ میں اپنی لاجواب پرفارمنس سے ناظرین کو متاثر کر رہے ہیں، جبکہ ان کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 40 لاکھ سے بھی بڑھ چکی ہے۔
اداکار نے انسٹاگرام پر لکھا: ’’بات جنگ سے شروع ہو کر اسکول کے زمانے والی بلاکنگ پر آ گئی ہے! یہ نقصان دراصل آپ ہی کا ہے۔ میں اپنے ان تمام بھارتی مداحوں کو محبت بھیجتا ہوں جو اس پابندی کی وجہ سے متاثر ہوئے، اور دعا کرتا ہوں کہ عقل و فہم غالب آئے تاکہ آپ دوبارہ اپنے پسندیدہ فنکاروں کو دیکھ سکیں۔‘‘
فرحان سعید کے اس تبصرے پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔ کچھ صارفین نے ان کے بیان کو نرم، پرامن اور مزاحیہ انداز میں دیا گیا مؤقف قرار دیا، جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارتی حکومت کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کو بھی بے نقاب کرنا چاہیے۔
دوسری جانب، بھارتی ناظرین نے بھی پابندی کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا۔ بہت سے شائقین نے VPN کا سہارا لے کر ’’شیریں فرہاد‘‘ دیکھنا جاری رکھا، اور اس کے اسکرین شاٹس فرحان سعید کو بھیجے، جنہیں انہوں نے فخر سے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔