The news is by your side.

امریکی کمپنیاں پاکستان میں معدنیات کے شعبے سے استفادہ کریں، وزیراعظم

0

اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں موجود معدنی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے سینئر عہدیدار اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ یہ وفد پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر موجود ہے۔

وزیراعظم نے فورم میں امریکہ کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا معدنیات کا شعبہ بے پناہ مواقع سے بھرپور ہے اور امریکی سرمایہ کار اس اہم شعبے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ روابط، خطے میں امن و سلامتی کی ضرورت اور باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی قیادت کے ساتھ مل کر تجارتی، سرمایہ کاری اور انسداد دہشت گردی جیسے باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

ایرک میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستانی حکومت کو مبارکباد دی اور پاکستان کے معدنیاتی شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ امریکی کمپنیاں اس شعبے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.