سیول: اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نیا کورین ڈرامہ ’کرما‘ منظرِ عام پر آتے ہی بین الاقوامی شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ صرف چھ اقساط پر مشتمل اس سنسنی خیز سیریز نے اپنی پراثر کہانی، جذباتی موڑ اور غیر متوقع واقعات کے ذریعے دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔
’کرما‘ کو لی اِل ہیونگ نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ اس کی کہانی معروف مصنف چوئی ہی سون کے ناول Ill-fated Relationship سے ماخوذ ہے۔ پلاٹ کی بنیاد ایک فرضی شہر Guhoe میں رہنے والے چھ افراد کی زندگیوں پر ہے، جنہیں ایک پراسرار ماضی کی زنجیر آپس میں باندھتی ہے۔
اداکاری کے شعبے میں بھی ’کرما‘ نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ اس کی مرکزی کاسٹ میں پارک ہی سو، شِن مِن آ، لی جون، کم سونگ ہیون، لی کوانگ سو اور گونگ سونگ یون جیسے مقبول نام شامل ہیں، جنہوں نے اس سے قبل Hometown Cha-Cha-Cha اور Six Flying Dragons جیسے کامیاب ڈراموں میں عمدہ کردار نبھائے۔
سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ ایک مداح نے تبصرہ کیا: “’کرما‘ نے دل کو چیر کر رکھ دیا، کہانی میں انصاف کا پہلو بے حد طاقتور تھا – جو کرو گے وہی لوٹ کر آئے گا!” ایک اور صارف نے لکھا: “یہ سیریز حقیقتاً دماغ کو جھنجھوڑ دینے والی ہے، کرداروں کی آپس کی کہانیوں کا جُڑنا بہت گہرا اور سوچ انگیز تھا۔”
ماہرین اور شائقین دونوں ہی اس سیریز کو 2025 کا سب سے نمایاں اور مؤثر کورین ڈرامہ قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر اس کی نفسیاتی تہہ، اخلاقی پہلوؤں اور جاندار مکالموں کی وجہ سے۔