اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں پاک فوج نہ صرف ملکی سلامتی بلکہ معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ہم سب کو ملک کی ترقی اور عظمت کے لیے مشترکہ طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔

لاہور میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 127 میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ہی ہماری اصل طاقت ہیں، اور انہی کی حمایت سے مشکل مگر درست فیصلے ممکن ہوئے۔ جب ارادے نیک ہوں اور نیت صاف ہو تو اللہ تعالیٰ بھی مدد فرماتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو ملک کو بے شمار مسائل کا سامنا تھا۔ کچھ سیاسی قوتوں نے ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر فوقیت دی اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا پروگرام رکوانے کے لیے سازشیں کیں۔ اس مشکل وقت میں وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاست کی بجائے ریاست کو ترجیح دی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم نے قومی مفاد کو مقدم جانا اور سیاسی نقصان برداشت کرنے سے بھی گریز نہ کیا۔ پاکستان ہی ہماری شناخت اور عہدوں کا ذریعہ ہے۔ قائد نواز شریف کی رہنمائی میں وزیر اعظم نے ملک و قوم کی خدمت کو اپنا مشن بنایا اور دن رات محنت سے مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کی۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا وعدہ پورا کیا۔ اس ریلیف کے پیچھے حکومت کی مسلسل محنت اور عملی اقدامات کارفرما ہیں، محض دعوے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت کی بہتری کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔ بجلی سستی ہوئی ہے، مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ تک آ گئی ہے، اور اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یہ تمام اشاریے ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ان معاشی کامیابیوں کی بدولت عوام کو ریلیف دینا ممکن ہوا ہے۔ عوام کی خدمت ہی ہماری سیاست کا مقصد ہے اور اجتماعی محنت کی بدولت کامیابیاں مسلسل حاصل ہو رہی ہیں۔