لاہور۔سابق قومی کرکٹر اور وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے پاکستانی کھلاڑیوں کی بھارتی کرکٹرز کے ساتھ حد سے زیادہ دوستانہ تعلقات پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
معین خان نے اداکارہ و میزبان اُشنا شاہ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان میدان میں ہونے والی دوستانہ فضا پر تشویش کا اظہار کیا۔
اُشنا شاہ نے سوال کیا کہ ماضی میں پاکستانی کرکٹرز کو بھارتی سرزمین سے بھی محبت ملتی تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہے، ہمارے کھلاڑی ویرات کوہلی سمیت دیگر بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں، اس کی وجہ کیا ہے؟
اس پر معین خان نے کہا کہ انہیں اپنے کھلاڑیوں کو بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ خوش گوار تعلقات میں مشغول دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا اپنے کھلاڑیوں سے احترام کا رشتہ ہے، مگر ایک وقت تھا جب ہماری ٹیم بھارت سے بہت آگے تھی، اور آج بھارت کی ٹیم ہمیں پیچھے چھوڑ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستانی کرکٹرز کا بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا تعلق تھا اور آج بھی ہے، لیکن میدان میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی کرکٹر نے اپنے پسندیدہ بھارتی کھلاڑی کا بیٹ چیک کیا ہو یا ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے رویے سے منفی پیغامات ملتے ہیں جن کا کھلاڑیوں کو اندازہ نہیں ہوتا۔
معین خان نے مزید کہا کہ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو حریف ٹیم آپ کے خلاف مزید جارحانہ انداز اپناتی ہے کیونکہ آپ ذہنی طور پر پیچھے ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ کسی عہدے پر رہے، ہمیشہ یہی کوشش کی کہ کھلاڑیوں کو ایسے رویے سے بچائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وسیم اکرم بھی کرکٹرز کے رویوں پر ناخوش رہتے ہیں، اور آج کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنانا چھوڑ دیا ہے۔
معین خان نے مزید کہا کہ وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے کھلاڑی کبھی بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کرتے، بیٹ چیک کرتے یا سیلفی بنواتے نظر نہیں آئے۔