لاس اینجلس ۔معروف گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔
سلینا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک جذباتی ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کی وجہ سے متاثر ہونے والے لوگوں کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئیں۔ 32 سالہ اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ میکسیکن پرچم کا ایموجی اور “مجھے افسوس ہے” کا کیپشن استعمال کیا۔
ویڈیو میں سلینا گومز نے امیگریشن کے مسئلے پر اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میرے لوگ، خاص طور پر بچے اور خواتین، حملوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ میں کچھ نہیں کر پا رہی، لیکن میں ہر ممکن کوشش کروں گی۔”
یہ ویڈیو کچھ دیر بعد ڈیلیٹ کردی گئی، لیکن اس کا اثر سوشل میڈیا پر تیز رفتاری سے پھیل گیا۔
اس کے بعد سلینا نے ایک اور پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا، “شاید دوسروں کے لیے ہمدردی دکھانا غلط سمجھا جاتا ہے۔” یہ پیغام ان کے پہلے بیان پر ہونے والی تنقید کا جواب تھا۔
سلینا گومز کی یہ پوسٹ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمٹ کے حالیہ آپریشن کے بعد سامنے آئی تھی، جس میں تین دن کے دوران 956 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
امیگریشن کے حقوق کی حامی سلینا گومز نے 2019 میں نیٹ فلکس کی ڈاکیومینٹری “Living undocumented” پروڈیوس کی تھی، جس میں انہوں نے اپنے خاندان کی امیگریشن کہانی کو دنیا کے سامنے پیش کیا تھا، جس میں اپنے دادا، دادی اور والد کے امریکی سفر کا احوال شامل تھا۔