اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے سابق برادر نسبتی اور جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
گزشتہ روز خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ "آپریشن گولڈ سمتھ کے ریکروٹ جہاں بھی ہیں، وہ عمران خان کو نجات دلانے کے لیے پاکستان کے مفادات کے خلاف بھرپور مہم چلا رہے ہیں۔ ان عناصر کو اسرائیل کی مکمل حمایت حاصل ہے، اور وہ میڈیا میں مسلسل سرگرم ہیں۔”
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ "اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان اسرائیلی ایجنڈے کا حصہ ہیں، جس کے ذریعے وہ واحد مسلمان ایٹمی قوت کو نقصان پہنچانے کی سازش کر رہے ہیں۔ عمران خان کے لیے مغرب میں جو آوازیں اٹھ رہی ہیں، انہیں یہ سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان کی قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا خوب جانتی ہے۔ ہماری اولین ترجیح صرف پاکستان ہے۔”
زیک گولڈ اسمتھ نے خواجہ آصف کے اس بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا، "یہ ہے پاکستان کے وزیر دفاع، جنہوں نے ’آپریشن گولڈ سمتھ‘ جیسی ایک خیالی چیز ایجاد کی ہے۔ نہ معلوم یہ کس لیے ہے، لیکن یہ خوفناک اور یہود مخالف لگتا ہے۔”
انہوں نے مزید لکھا، "خواجہ آصف کے سیاسی کیریئر پر لگے الزامات کی طویل فہرست کو دیکھتے ہوئے، ان کے رویے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔ میں نے کبھی پاکستان میں کسی قسم کی سیاست کو براہ راست یا بلاواسطہ مالی امداد فراہم نہیں کی۔ اگرچہ میں عمران خان کو عطیہ دینے پر خوش ہوں گا کیونکہ وہ ایماندار ہیں اور صرف پاکستان کے بارے میں سوچتے ہیں۔”
زیک گولڈ اسمتھ نے واضح کیا، "میں اسرائیلی نہیں ہوں اور نہ ہی اسرائیل سے کسی بھی طور پر جڑا ہوں۔ خواجہ صاحب میرے نام سے الجھ گئے ہیں۔”
دوسری طرف، امریکی خصوصی ایلچی رچرڈ گرینیل نے بھی خواجہ آصف کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا، "پاکستان کے وزیر دفاع کی جانب سے آپریشن گولڈ سمتھ جیسی باتیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ یہ دیکھنا ہوگا کہ امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسے سے پاکستان کو کیا امداد فراہم کی جا رہی ہے۔”
اسی دوران، امریکی تجزیہ کار مائیکل کولگمین نے خواجہ آصف کے بیان کو یہود مخالف قرار دیتے ہوئے کہا، "پاکستان کے وزیر دفاع عمران خان کو اسرائیلی ایجنٹ قرار دے رہے ہیں اور ان کی رہائی کے عالمی مطالبات کو اسرائیل کی سازش کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ یہ صریحاً بکواس اور سام دشمنی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "خان کے بہت سے غیر ملکی حمایتی اسرائیل کے شدید ناقد ہیں، اور خواجہ آصف کی اس بیان بازی کی کوئی بنیاد نہیں۔”