قائرہ ۔ مصر میں ڈی ایٹ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے تجارت، عوامی رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کیمیکلز، سیمنٹ کلینکر، آلات جراحی، لیدر مصنوعات اور آئی ٹی کے شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے پاکستان سے آنے والے سامان کے 100% فزیکل معائنہ کی شرط ختم کرنے، ڈھاکہ ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کے لیے خصوصی سیکیورٹی ڈیسک کے خاتمے اور ویزا درخواست دہندگان کے لیے اضافی کلیئرنس کی شرط ختم کرنے جیسے اقدامات پر بنگلہ دیش کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور ترقیاتی مقاصد کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم اور چیف ایڈوائزر نے عوامی رابطوں، فنون، کھیلوں، تعلیم اور طلبہ کے تبادلوں کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور پاکستانی فنکاروں کے ڈھاکہ میں کنسرٹ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ڈی ایٹ سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک مشترکہ ترقیاتی مقاصد حاصل کر سکیں۔
یہ ملاقات پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی ایک اور مثبت مثال پیش کرتی ہے۔