لاہور۔مقبول اداکار شہریار منور صدیقی اور اداکارہ ماہین صدیقی کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
شہریار منور نے گزشتہ ماہ نومبر میں ایک انٹرویو کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ دسمبر کے اختتام تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ اس سے قبل بھی انہوں نے متعدد مواقع پر اپنے رشتے کی تصدیق کی تھی، تاہم دلہن کے نام کا ذکر نہیں کیا تھا۔ دوسری جانب، ماہین صدیقی نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کی تھی۔
اب مختلف شوبز سوشل میڈیا پیجز اور شخصیات نے ان کی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان کی شادی کی تقریبات شروع ہوچکی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شہریار منور اور ماہین صدیقی نے خود اپنی شادی کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر نہیں کیں۔ تاہم ماہرہ خان، عاصم اظہر، مومل شیخ، عاصم رضا، اور دیگر مشہور شخصیات نے انسٹاگرام اسٹوریز میں تقریبات کی جھلکیاں دکھائیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں تقریب کی خوشیوں اور جوش و خروش کا واضح مظاہرہ دیکھا جا سکتا ہے۔ مداحوں اور شوبز شخصیات نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور ان کی نئی زندگی کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔
دونوں اداکاروں کی شادی کی تقریبات کی تفصیلات ابھی مکمل طور پر سامنے نہیں آئیں، لیکن مداح ان کے جوڑے کو دیکھنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔