سیول۔جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور ہو گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، جنوبی کوریا میں مارشل لا نافذ کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد صدر یون سک یول کے خلاف پارلیمنٹ میں مواخذے کی تحریک ایک ہفتہ پہلے پیش کی گئی تھی، لیکن وہ ناکام ہو گئی تھی۔
پارلیمنٹ میں صدر کے خلاف دوسری مواخذے کی تحریک پر ووٹنگ ہوئی۔ تحریک کے حق میں 204 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ 85 نے اس کی مخالفت کی۔
مواخذے کی تحریک کامیاب بنانے کے لیے 200 ووٹ درکار تھے۔ اپوزیشن جماعتوں کو تحریک منظور کرانے کے لیے 8 حکومتی ارکان کی حمایت کی ضرورت تھی، اور سات حکومتی ارکان نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا یقین دلایا تھا۔
صدر یون سک یول نے ملک میں مارشل لا نافذ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ صدر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خلاف مواخذے کی تحریک کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے۔