نئی دہلی ۔بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے حال ہی میں شاہ رخ خان کے آسکر ایوارڈز پر بھارتی فلموں کی مشکلات کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیا ہے۔

عامر خان نے شاہ رخ کی رائے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ آسکر ایوارڈز میں بھارت کی فلموں کے لیے مشکلات کا اصل سبب ان کی نوعیت نہیں ہے، بلکہ اس ایوارڈ کی سب سے مشکل اور معتبر “بیسٹ انٹرنیشنل فیچر” کیٹیگری میں ہونے والا سخت مقابلہ ہے۔

عامر خان نے اپنی مشہور فلم لگان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “لگان تین گھنٹے 42 منٹ طویل تھی اور اس میں چھ گانے تھے، پھر بھی اسے آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس ایوارڈز میں داخلے کے لیے صرف فلم کا معیار اور کہانی کی جذباتی تاثیر ضروری ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ آسکر کی “بیسٹ انٹرنیشنل فیچر” کیٹیگری میں ایک نامزدگی حاصل کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ اس میں دنیا بھر سے بہترین فلموں کا مقابلہ ہوتا ہے۔ عامر خان نے وضاحت کی کہ بھارت میں سالانہ ہزاروں فلمیں بنتی ہیں، اور ان میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

عامر خان نے بھارتی فلموں کے آسکر ایوارڈز میں کامیابی کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوارڈ میں نامزدگی ایک پیچیدہ عمل ہے، جس میں درجنوں ممالک کی بہترین فلموں کا مقابلہ ہوتا ہے۔