لاہور۔پاکستانی اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار خٹک کا کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری سے ہونے والی آمدنی اتنی محدود ہے کہ گھر کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شرکت کے دوران صحیفہ نے اپنی زندگی، کیرئیر، اور شوبز انڈسٹری کے حقائق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک پختون گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں، جہاں تعلیم اور شادی کے فیصلے ہمیشہ ان کی مرضی سے کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچپن سے ہی وہ تعلیم، خصوصاً ریاضی اور اکاؤنٹنگ میں دلچسپی رکھتی تھیں، اور کبھی شوبز کا حصہ بننے کا نہیں سوچا تھا۔
صحیفہ نے اپنی شوبز انڈسٹری میں آمد کے بارے میں بتایا کہ یہ سب ایک اتفاق تھا۔ یونیورسٹی کے دوران انہوں نے اپنے کزن کے فیشن ہاؤس کے لیے ماڈلنگ کی، اور شادی سے چند دن پہلے ایک ڈرامے کے آڈیشن کے لیے منتخب ہو گئیں، جس کے بعد انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا۔
اداکارہ نے ڈرامہ انڈسٹری میں معاوضے کے حوالے سے کہا کہ اگر ایک ڈرامہ 4 سے 6 ماہ تک بھی چلے تو اس کی ادائیگی قسطوں میں ہوتی ہے، اور یہ اتنی نہیں ہوتی کہ گھر کا کچن آرام سے چل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ڈراموں پر انحصار کرنے والے فنکاروں کے لیے سالانہ 4 پروجیکٹس، روزانہ شوٹنگز، اور ساتھ ہی سوشل میڈیا سے آمدنی ضروری ہے تاکہ وہ اپنے اخراجات پورے کر سکیں۔
صحیفہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر فنکار اضافی آمدنی کے ذرائع اختیار کرتے ہیں، جیسے کہ پروڈکشن ہاؤسز چلانا، فیشن برانڈز لانچ کرنا، یا دیگر کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لینا۔