مطیع اللہ جان کے خلاف مقدمے کے اندراج پر اہم مشاورتی اجلاس،ملک گیر احتجاج کا اعلان،
مشاورتی اجلاس میں جھوٹے مقمے کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت
اسلام آباد:
راولپنڈی / اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے زیر اہتمام صحافی مطیع اللہ جان پر منشیات اور اسد علی طور اور لاہور کے صحافی شاکر خان پر درج بے بنیاد مقدمات کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس کل تک مقدمہ واپس نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان،
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی، سیکریٹری نیشنل پریس کلب نئیر علی، ار ائی یو جے کے ممبر ایگزیکٹو باڈی غفران چشتی، توصیف عباسی اور نوابزادہ شاہ علی اور درجنوں سینیئر صحافیوں نے شرکت کی_ اجلاس کی نظامت آصف بشیر چودھری جنرل سیکریٹری راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ نے کی_
مشاورتی اجلاس میں سینئر صحافیوں نے بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات کے اندراج پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ وفاقی وزراء اور متعلقہ اداروں کے سربراہان کے خلاف بھرپور احتجاج شروع کرنے اور ان کے پریس کلب داخلے پر پابندی کی تجاویز دیں_ منشیات کے جھوٹے مقدمے اور جسمانی ریمانڈ کو صحافیوں نے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی تضحیک قرار دیا_
صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے سینئر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو مہلت دے رہے ہیں اگر ہفتے والے دن تک مطیع اللہ جان کے خلاف مقدمہ واپس نہیں لیا گیا تو پھر ملک گیر احتجاج ہو گا اور پارلیمنٹ کے باہر دھرنا بھی دیا جائے گا_ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ صحافی قانون سے بالا نہیں اور اپنے لکھے کے لیے جوابدہ ہیں لیکن کسی،بھی صحافی کے خلاف انتقامی کاروائی پر پوری صحافی برادری متحد ہے_
جنرل سیکریٹری آر آئی یو جے آصف بشیر چودھری نے کہا کہ صحافیوں پر منشیات کے مقدمے کی ابتداء اس حکومت کے دور میں کی گئی ہے جو خود منشیات کے جھوٹے مقدمات کا شکار رہی ہے_ آصف بشیر چودھری نے کہا کہ ہتک کے انتہائی سخت قوانین کی موجودگی میں ناپسندیدہ صحافیوں کے خلاف منشیات اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج حکومت کی کم حوصلگی ظاہر کرتا ہے_ کسی صحافی کی رپورٹنگ پر اعتراض ہے تو اسے متعلقہ فورم پر اٹھانا چاہیے لیکن بے بنیاد مقدمات کے ذریعے خوف کی فضا پیدا کرنے کے اقدامات کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا_
سینئر صحافی ناصر زیدی نے کہا کہ صحافیوں نے ہر دور میں حق اور سچ کا پرچم بلند رکھا اور آج بھی سچ کی قیمت چکانے کے لیے تیار ہیں_ صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی نے نے تمام شرکاء، کی آمد اور مشاورت کے اہم عمل میں شرکت پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ سیکریٹری نیشنل پریس کلب نئیر علی نے بھرپور احتجاجی مظاہرے کے لیے تمام صحافیوں کو تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی_
اجلاس کے شرکاء نے بعد مں مطیع اللہ جان کی رہائی کے لیے نعرے بازی بھی کی اور زبردست احتجاجی تحریک کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا_