مانسہرہ۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ دھرنے کی کال پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے دی ہے اور انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہ خود اس کے خاتمے کا اعلان نہیں کریں گے۔
مانسہرہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت، پاکستان تحریک انصاف، اور ہمارے قائد عمران خان ہمیشہ پرامن جدوجہد کے حامی رہے ہیں۔ ہم پاکستان کی واحد جماعت ہیں جو نوجوان نسل اور آئندہ آنے والی نسل کے لیے آئین کی حفاظت، قانون کی بالادستی، حقیقی آزادی، خودمختاری اور حقیقی جمہوریت کے اصولوں کی بات کرتی رہی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کے خلاف ظلم اور جبر کی ایک مہم چلائی گئی۔ ہماری چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، جھوٹے مقدمے بنائے گئے، ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا، ہمارے قائد کو جیل میں ڈال دیا گیا، ان کی اہلیہ کو بھی ناجائز طور پر حراست میں رکھا گیا، اور ہمارے کارکنوں اور رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مظالم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی سیاسی تاریخ میں بے مثال ہیں، لیکن اس کے باوجود ہم پرامن انداز میں اپنے حق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ہم اپنے حقوق کے لیے جلسے یا احتجاج کی بات کرتے ہیں، ہمیں اجازت نہیں دی جاتی۔ عدالتوں سے رجوع کرنے پر بھی ہمیں انصاف نہیں ملتا، اور پارلیمان کے تقدس کا بھی کوئی لحاظ نہیں کیا جا رہا۔ اس صورت حال میں ہمارے پاس محدود راستے رہ گئے ہیں۔ اگر جلسے کی اجازت نہ دی جائے تو ہم مظاہرے کے ذریعے اپنا موقف پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا گیا تو ہمیں فسطائی ہتھکنڈوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم نے بارہا کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا اور ہم ڈی چوک تک ہی محدود رہیں گے۔ یہ دھرنے کی کال عمران خان نے دی ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہ خود اسے ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کرتے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ یہ دھرنا اپنے مقصد کے حصول تک جاری رہے گا۔