لندن۔چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کو جواب دینے کے لیے ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں آئی سی سی حکام اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جن میں پی سی بی کی نمائندگی سی او او سلمان نصیر اور چیئرمین محسن نقوی کر رہے ہیں۔ پی سی بی نے بھارت سے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے واضح جواب طلب کیا ہے، یعنی "ہاں یا نہیں”۔
بھارت کے علاوہ دیگر 6 ٹیموں نے ایونٹ میں اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے، تاہم بھارت سیکیورٹی اور سیاسی مسائل کا بہانہ بنا کر ٹیم بھیجنے سے انکار کر رہا ہے اور ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا خواہشمند ہے۔
عام طور پر آئی سی سی ایونٹ کے شیڈول کا اعلان 3 سے 4 ماہ قبل کرتی ہے، لیکن بھارت کی طرف سے جواب کا انتظار کرتے ہوئے اس بار شیڈول کا اعلان ایک منفرد طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔ یہ تقریب رواں ماہ 10 سے 12 نومبر کے درمیان پاکستان میں متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی شیڈول پہلے ہی ایونٹ میں شریک ٹیموں کے بورڈز کے ساتھ طے کر لیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان گروپ اے میں بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا، جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہوں گے۔چیمپئینز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک شیڈول کی گئی ہے، اور میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔