غزہ سے یرغمالوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل میں حکومت مخالف مظاہرے اور ہڑتال جاری،
مظاہروں میں جنگ بندی معاہدہ نہ ہونے کے سبب یرغمالوں کی واپسی میں ناکامی پر مظاہرین کی جانب سے حکومت کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار دیکھنے میں آیا
غزہ ( یو این آئی )غزہ سے چھ یرغمالوں کی لاشیں ملنے کا معاملہ، اسرائیل میں حکومت کے خلاف شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مظاہرین کی جانب سے اسرائیل میں تل ابیب، یروشلم سمیت بیشتر بڑے شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔
مظاہروں میں جنگ بندی معاہدہ نہ ہونے کے سبب یرغمالوں کی واپسی میں ناکامی پر مظاہرین کی جانب سے حکومت کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار دیکھنے میں آیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق احتجاج میں شریک مظاہرین وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کی اتحادی حکومت سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی معاہدہ کریں تاکہ باقی یرغمالوں کی موت سے قبل واپسی ممکن ہو سکے۔
احتجاج میں شریک افراد نے حکومت کی توجہ یرغمالوں کی زندہ واپسی کی جانب مبذول کرنے کے لیے چھ علامتی تابوت بھی اٹھائے ہوئے تھے۔
ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق تل ابیب میں احتجاجی ریلی اسرائیل کی فوج کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے نکالی گئی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کی شب ہونے والے احتجاج میں مختلف شہروں میں پانچ لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔
مظاہروں کے دوران مختلف مقامات پر شاہراہوں کو بھی بند کیا گیا جس سے اہم شہروں میں کئی گھنٹوں تک زمینی رابطے متاثر رہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے ساتھ ساتھ واٹر کینین کا بھی استعمال کیا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو اہم شاہراہوں سے ہٹانے کے لیے کئی افراد کو حراست میں بھی لیا۔