مون سون کا مضبوط سسٹم آج کراچی، حیدرآباد پہنچے گا، موسلادھار بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے تین دنوں میں ڈیڑھ سے 200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔
کراچی(یو این آئی)، حیدرآباد اور سندھ کی ساحلی پٹی پربسنےوالے خبردار ہوجائیں۔
بھارتی رن آف کچھ اور تھرپارکر کے قریب موجود مون سون کا مضبوط سسٹم آج دن میں کراچی اور حیدرآباد پہنچے گا، سسٹم کے باعث جمعرات کی دوپہر کراچی، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اگلے تین دنوں میں ڈیڑھ سے 200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی سمیت سندھ کےکئی مقامات پر 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار اور کہیں شدید موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
بارش کے پیش نظر کل حیدرآباد، میرپورخاص، سجاول ، بدین ،ٹنڈوالہ یار، سانگھڑ میں اسکول بند رہیں گے۔
کراچی کے ضلع وسطی کے اسکولوں میں چھٹی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا، شہر کے تمام اسکول کھلے رہیں گے۔