The news is by your side.

الیکشن کے بعد امیدوار کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہوسکتا،قومی اسمبلی میں ترمیمی بل پیش

0

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی میں انتخابات ایکٹ کا دوسرا ترمیمی بل 2024 پیش کردیا گیا جس کے مطابق آزاد امیدوار مخصوص مدت کے بعد کسی اور سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوسکتا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال کیانی نے الیکشن ایکٹ میں دوسری ترمیم کا بل پیش کیا۔

الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 66اور104میں ترمیم پیش کی گئی جس کے تحت آزاد امیدوار آئین اور قانون میں درج مخصوص مدت کے بعد کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا حق استعمال نہیں کرسکتے۔

تجویز دی گئی ہے کہ آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 میں آزاد امیدواروں کو دوبارہ کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ مجوزہ مدت کے اندر مخصوص نشستوں کی فہرست جمع نہ کرانے والی جماعت مخصوص نشستوں کی اہل نہیں ہوگی۔

بل میں کہا گیا ہے کہ جس امیدوار نے ریٹرننگ افسر کے سامنے جماعت سے وابستگی کا بیان حلفی جمع نہ کرایا ہو اسے آزاد تصور کیاجائے گا۔ الیکشن کے بعد پارٹی وابستگی ظاہر کرنے والا امیدوار کسی سیاسی جماعت کا امیدوار نہیں سمجھا جائیگا اور الیکشن کا دوسرا ترمیمی بل 2017سے نافذ العمل ہوگا ۔

وزیر قانون نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی سفارش کردی اور اسپیکر نے اسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا اور اسپیکر قومی اسمبلی کی چیئرمین کمیٹی کو کمیٹی اجلاس کل ہی طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.