The news is by your side.

موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے بچائو حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔رومینہ خورشید,

اس وقت ماحولیاتی تبدیلی سب سے بڑا چیلنج ہے‘ ہماری آنے والی نسلوں کو اس سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

0

اسلام آباد (یو این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ اس وقت ماحولیاتی تبدیلی سب سے بڑا چیلنج ہے‘ ہماری آنے والی نسلوں کو اس سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے بچائو حکومت اور عوام  کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شجر کاری کی قومی مہم کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہوگا۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تمام معاملات کو دیکھے گی۔

بہت جلد مرد اور خواتین صحافیوں کیلئے شبیر ایوارڈ کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ یہ ایوارڈ چاروں صوبوں کے اُن صحافیوں کو دیئے جائیں گے جو ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں بہترین رپورٹنگ کرینگے۔

اسکے ساتھ کیمرہ مین بھی ایوارڈ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹ رپورٹرز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائیگا۔ میڈیا رائے عامہ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں گرین جرنلسٹ تقسیم ایوارڈز کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ الطاف شاہ اور این پی سی کی سیکرٹری نیئر علی نے بھی خطاب کیا۔

فرزانہ الطاف شاہ نے خطاب میں کہا کہ قلم کی طاقت سے انکار ممکن نہیں ہے۔ صحافی کا کام معاشرے کے مسائل کو سامنے لانا ہوتا ہے۔ گرین جرنلسٹ ایوارڈ کا سلسلہ بہت پہلے شروع کیا تھا اور آفتاب اقبال پہلے گرین جرنلسٹ تھے جنہیں 2004ء میں یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔ آج اس سلسلے کو دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔

این پی سی کی سیکرٹری نیئر علی نے ایوارڈز جیتنے والے تمام صحافیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب کا پلیٹ فارم اس کام کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہے۔ انہوں نے رومینہ خورشید سے درخواست کی کہ راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کیلئے گرین جرنلسٹ ایوارڈ کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.