کراچی(خبر نگار) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت آج کراچی میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ سمیت انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کراچی کے حالات بالخصوص سندھ بھر میں کچے کے ڈاکوؤں کا معاملہ زیر بحث لایا گیا، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کچے میں جو بھی اغوا میں ملوث ہیں اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
صدر مملکت نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ پولیس افسران کو ٹینیور دے کر ان سے بھر پور کام لیں، پولیس افسران کو اس صورت تبدیل کریں جب وہ امن امان کی صورتحال میں ناکام ہوں۔
صدر مملکت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو واضح احکامات دیے کہ زمینوں پر قبضوں پر میری زیرو ٹالرنس ہے، میں کسی صورت زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دوں گا، انہوں نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاق سے جو بھی اسلحہ اور دیگر سہولیات چاہئیں وہ مہیا کروائیں گے، صدر مملکت نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ سندھ حکومت کو اسلحہ اور دیگر سہولیات کیلئے ضروری اپرولز کروائیں۔
سینئر صوبائی وزیر برائے ایکسائیز اینڈ نارکوٹکس شرجیل میمن نے صدر مملکت کو منشیات کے حوالے سے آپریشن پر بریفنگ دی۔دریں اثنا وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے امن و امان کے اجلاس کے فیصلے کو سراہا، انکا کہنا تھا کہ صدر مملکت کراچی میں اجلاس کرے گا تو عوام میں اعتما بڑھے گا۔