اسلام آباد(یو این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس اعجاز الاحسن بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنا تحریری استعفی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کیا۔ جس میں انہوں نے ذمہ داری دینے اور ادا کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔
استعفے میں جسٹس اعجاز الاحسن نے لکھا کہ لاہورہائیکورٹ کے جج،چیف جسٹس اورسپریم کورٹ میں جج رہنے کا اعزازحاصل ہوا، اب میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر مزید خدمات انجام دینے کی خواہش نہیں رکھتا۔
جج نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل206 ون کے تحت جج سپریم کورٹ کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔
یاد رہے جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف ہونے والی سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس کی کارروائی میں جسٹس اعجاز الاحسن نے بظور ممبر شرکت سے انکار کردیا تھا۔
جسٹس اعجاز الاحسن سپریم کورٹ میں سینیارٹی لسٹ میں جسٹس طارق کے بعد دوسرے نمبر پر تھے اور وہ انہیں آئندہ کے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنا تھا۔
جسٹس اعجازالاحسن کے استعفے کے بعد اب جسٹس منصورعلی شاہ آئندہ چیف جسٹس پاکستان ہوں گے۔