آر ڈی اے کا غیر قانونی ہاوسنگ سوسائیٹیوں کے خلاف کریک ڈاون
212سے زائد کے خلاف FIRs درج ہو چکی ہیں، 183سے زائد دفاتر سربمہر کیے گئے ہیں،
راولپنڈی ( یو این آئی): ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انورجپہ کی سر براہی میں عوام الناس، سرمایہ کاروں اور اوور سیز پاکستانیوں کوپلاٹوں اور سرمایہ کاری کے نام پر لوٹنے والی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن جاری ہیں اور غیر قانونی سوسائٹی انتظامیہ کو کیفرے کردار تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔
ترجمان آرڈی اے نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی خصوصی ہدایات پر ڈی جی آرڈی اے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ کی خصوصی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیےغیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور اسلحہ کے زور پر لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
آرڈی اے نے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ وہ ان غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں اورسرمایہ کاری کرنے سےپہلے آرڈی اے ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر چیک کریں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے خلاف نہ صرف آپریشن کیے گئے ہیں بلکہ ان کے دفاتر مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ سائبر کرائم ونگ میں درخواستیں اور ایف آئی آربھی درج ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تاریخ میں پہلی دفعہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی خصوصی ہدایات پر ڈی جی آرڈی اے محمد سیف انور جپہ کی نگرانی میں غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔
آرڈی اے ایم پی اینڈ ٹی ای عملے کی دن رات کوششوں سے جن غیر قانونی سکیموں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے ان میں بلو ورلڈ سٹی، عبداللہ سٹی، ایوالون سٹی، فیصل ٹاؤن فیز-2، روڈن انکلیو، کیپٹل ویلی، شاہین گارڈن، اٹلانٹک سٹی، سنچری ٹاؤن، ہائی کیپٹل سٹی، رائل فارم ریذیڈنسیا و اپنا گھر، چنار انکلیو، ایمن گارڈن، تھیم پارک کا منظر، العمران ہومز، امارت ہوں فارم ہاؤسز، خان بلڈرز، کشمیر ہومز/ امام حسن ٹاؤنز، عثمانیہ فورٹ ہاؤسنگ سکیم، حیدر ریذیڈنشیا، خالد کالونی، البرکہ گارڈن، زم زم ولاز، ایمن گارڈن، چنار انکلیو، گلشن عباس، وادی پوٹھوہار، دعا گارڈن، انمول گارڈن،امین ہاؤسنگ، ہام وطن انکلیو، سیگھو فارم ہاؤس، گرین اوکس، منان سٹی، شاکر فارمز، ملٹی گارڈن سمیت سینکڑوں ہاؤسنگ سوسائٹیزسر فہرست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک ان غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزانتظامیہ کو 548 لیگل نوٹس بھیجے گئے ہیں، 218کو چالان کیے گئے ہیں، 212سے زائد کے خلاف FIRs درج ہو چکی ہیں، 183سے زائد دفاتر سربمہر کیے گئے ہیں، 195گیٹ مسمار کیے گئے ہیں اور 129درخواستیں قانونی کاروائی کیلئے سائبر کرائم ونگ کو بھیجی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزانتظامیہ کے 9 ملزمان زیر حراست ہیں، 28 ہاؤسنگ سوسائٹیز مالکان کی ضمانتیں ضبط ہوچکی ہیں، سیشن کورٹ میں 72 مقدمات زیر سماعت ہیں اور اس طرح 24 مقدمات ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہیں۔
ترجمان آرڈی اے نے کہا اس وقت آرڈی اے انتظامیہ کرپٹ مافیا اور نوسر بازوں کے لیے خوف کی علامت بن چکی ہے،آرڈی اے انتظامیہ کی دن رات کی کوششیں رنگ لائی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ہاؤسنگ سوسائٹیز انتطامیہ کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں بلکہ 52.11 ملین روپے کی ریکوری کا ٹارگٹ بھی حاصل کر لیا گیاہے جس کی کریڈٹ میں ڈی جی آرڈی اے محمد سیف انور جپہ اور ان کے ٹیم ممبران شامل ہیں۔ جہاں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے آرڈی اے انتظامیہ نے تاریخی کردار ادا کیا ہے وہاں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ راولپنڈی پولیس کا بھی مثالی کردا ر ہے۔
آرڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف جو ٹاسک فورس قائم کی ہے اس کی وجہ سے لاکھوں اوور سیز پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کو لوٹنے سے بچا لیا گیا ہے جس پر اوور سیز پاکستانیوں اور دیگر سرمایہ کاروں نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ ، ڈی جی آرڈی اے محمد سیف انور جپہ و دیگر کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔