The news is by your side.

بھارت بھر میں ایمرجنسی تیاریاں: شہری دفاع کی فرضی مشقوں کا آغاز

0

نئی دہلی ۔بھارتی انتظامیہ نے ملک کی تمام ریاستوں کو شہری دفاع کے دائرے میں فرضی مشقوں کا آغاز کرنے کی ہدایت دی ہے، جن کا مقصد ممکنہ فضائی حملوں کی صورت میں عوام کو خبردار کرنا اور اہم تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکریٹری دفاع راجیش کمار سنگھ سے ملاقات اور بعد ازاں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے بعد کیا گیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ مشقیں 7 مئی سے 9 مئی کے درمیان جاری رہیں گی۔

ان مشقوں میں فضائی حملے کے انتباہی نظام، سائرن بجانا، اچانک بلیک آؤٹ، حساس مقامات کو اندھیرے میں چھپانے کے اقدامات، انخلا کے طریقہ کار، اور عوام کی رہنمائی شامل ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدام حالیہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ماتحت شہری دفاع کے چار لاکھ سے زائد رضا کار ان مشقوں میں شریک ہوں گے۔

پنجاب کے سرحدی علاقے فیروزپور میں بھارتی پولیس پہلے ہی آدھے گھنٹے کی بلیک آؤٹ مشق کر چکی ہے، جس میں مقامی افراد کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنی روشنیاں بند رکھیں۔

حکام کے مطابق بعض ریاستیں ایسی مشقوں کے لیے بہتر طور پر تیار ہیں، جب کہ دیگر کو اس حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.