اسلام آباد ۔نیٹ فلکس کی مشہور سیریز ’یو‘ میں جو گولڈبرگ کا کردار نبھانے والے ہالی ووڈ اداکار پین بیجلی نے حالیہ انٹرویو میں اپنی روحانی زندگی کے حوالے سے چشم کشا باتیں شیئر کی ہیں، جنہوں نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

امریکی جریدے یو ایس اے ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں پین بیجلی نے بتایا کہ وہ زندگی میں توازن قائم رکھنے اور ذہنی سکون حاصل کرنے کے لیے مختلف مذاہب کی روحانی کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر قرآن مجید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب ان کے بیڈ سائیڈ پر ہر وقت موجود رہتی ہے اور وہ وقتاً فوقتاً اس کی تلاوت کر کے اس کے معانی پر غور کرتے ہیں۔

پین بیجلی کے مطابق ان کا روحانی معمول صرف قرآن مجید یا مطالعے تک محدود نہیں، بلکہ وہ روزانہ دن کی شروعات ایک مخصوص دعا سے کرتے ہیں، جو بہائی مذہب کی “لانگ اوبلیگیٹری پریئر” یعنی طویل فرض نماز ہے، جسے انہوں نے مکمل طور پر زبانی یاد کر رکھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ صبح کے وقت بچوں کی دیکھ بھال اور کام کے تقاضے ہوتے ہیں، لیکن وہ ہر حال میں 15 سے 20 منٹ کا وقت نکال کر عبادت یا روحانی سکون کے لیے مختص کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ لمحے انہیں زندگی کی گہرائی، مقصد اور سکون کا احساس دلاتے ہیں۔