ڈھاکہ۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔
وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس کو باقاعدہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ نجم الحسن شانتو کی جگہ قیادت سنبھالیں گے، جنہوں نے سال کے آغاز میں کپتانی سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ تجربہ کار آف اسپنر مہدی حسن مرزا کو اسکواڈ میں نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
لٹن داس نے پہلے بھی دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شانتو کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی تھی۔ 30 سالہ لٹن داس ایک ٹیسٹ، سات ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز میں بنگلہ دیش کی قیادت کا تجربہ رکھتے ہیں۔
حال ہی میں وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کا حصہ تھے، تاہم تربیتی سیشن کے دوران انگلی زخمی ہونے کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
نجم الحسن شانتو اُن پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں واپس آنے والے دیگر کھلاڑیوں میں توحید ہردوئے، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان اور شرف الاسلام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم پہلے 17 اور 19 مئی کو شارجہ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جس کے بعد ٹیم پاکستان روانہ ہوگی جہاں 25 مئی سے 3 جون تک پانچ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔