اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بین الاقوامی اور ملکی میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا، جہاں بھارتی پراپیگنڈے کو زمینی حقائق کی روشنی میں بے نقاب کیا گیا۔

وزارت اطلاعات نے اس دورے میں مقامی و عالمی صحافیوں کو بھرپور معاونت فراہم کی، جس کا بنیادی مقصد بھارت کی طرف سے پھیلائی گئی بے بنیاد اور جھوٹی اطلاعات کی حقیقت واضح کرنا تھا۔

میڈیا وفد کو اُن علاقوں میں لے جایا گیا جنہیں بھارت نے مبینہ دہشت گرد کیمپس قرار دیا تھا۔ نمائندوں نے موقع پر موجود حالات، مقامی افراد کے بیانات اور علاقے کے حقیقی ماحول کا مشاہدہ کرکے ان بھارتی دعوؤں کی اصل حیثیت جاننے کا موقع حاصل کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کئی مرتبہ پاکستان کے خلاف بے سروپا الزامات عائد کر چکا ہے، لیکن آج ہم نے حقائق دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ جن مقامات کو بھارت دہشت گردی کے مراکز کہتا ہے، وہ دراصل عام شہریوں کی آبادیاں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ملک ہے جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے کوشاں ہے، اور ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنے طرزِ عمل سے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ہے، تاہم خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرے گا۔ بھارت کو پاکستان پر انگلی اٹھانے سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔

عطاء اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں اور مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر جھوٹا پراپیگنڈا کرتا ہے، لیکن آج بین الاقوامی میڈیا نے خود زمینی حقائق کا مشاہدہ کر لیا ہے۔ پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی برادری کے سامنے اپنے امن کے عزم کو دہرا چکا ہے، تاہم اگر بھارت کسی بھی قسم کی جارحیت کا ارتکاب کرے گا تو اسے فوری اور بھرپور ردعمل کا سامنا کرنا ہوگا۔