بالی ووڈ اسٹار سوناکشی سنہا ایک بار پھر بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں، اس بار ایک نفسیاتی تھرلر ’نکیتا رائے‘ کے ذریعے، جو 30 مئی کو عالمی سطح پر ریلیز کی جائے گی۔

یہ فلم ایک گہرے اور پیچیدہ موضوع پر مبنی ہے، جس میں انسانی ذہن کی بھول بھلیوں، روحانی الجھنوں اور اندرونی جذباتی کشمکش کو پیش کیا گیا ہے۔ سنسنی سے بھرپور اس کہانی کو سوناکشی کے بھائی کش ایس سنہا نے ڈائریکٹ کیا ہے، جو بطور ہدایتکار اپنی الگ پہچان بنانے جا رہے ہیں۔

نکیتا رائے میں سوناکشی کے ساتھ اداکار ارجن رامپال، پاریش راول اور سہیل نیئر نے بھی کلیدی کردار ادا کیے ہیں، جو فلم کی کہانی کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز نکّی بھگنانی اور وِکی بھگنانی کا کہنا ہے کہ یہ پروجیکٹ ایک روایتی فلمی انداز سے ہٹ کر ہے۔ ان کے بقول، یہ فلم ناظرین کو ایک منفرد تجربہ دے گی جہاں کہانی، اداکاری اور ہدایتکاری ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر سنسنی خیز ماحول پیدا کریں گے۔

پروڈیوسرز نے اسے ایسی فلم قرار دیا ہے جو نہ صرف دیکھنے والوں کو الجھائے رکھے گی بلکہ ان کے ذہن پر بھی دیرپا اثر چھوڑے گی۔