نئی دہلی ۔نومبر 2024 میں جنس تبدیل کروا کر مرد سے عورت بننے والی سابق بھارتی کرکٹر اور کوچ سنجے بانگر کی بیٹی، انایا بانگر، نے چند اہم انکشافات کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انایا (پہلے اریان بانگر کے نام سے جانے جاتے تھے) نے بتایا کہ انہیں اپنی جنس کے حوالے سے احساس بچپن میں ہی ہو گیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میں صرف 8 یا 9 سال کی تھی جب مجھے یہ محسوس ہونے لگا کہ میری شناخت ایک لڑکی کی ہے۔ میں اکثر اپنی والدہ کے کپڑے پہن کر آئینے کے سامنے کھڑی ہو جاتی تھی، لیکن والد کی کرکٹ کی دنیا سے وابستگی کی وجہ سے میں نے طویل عرصے تک اپنی حقیقت چھپائے رکھی۔‘‘

انایا نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے اپنا ٹرانزیشن مکمل کیا تو کچھ معروف کرکٹرز نے انہیں نازیبا تصاویر بھیجیں۔ ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک کھلاڑی نے انہیں سرعام برا بھلا کہا اور بعد ازاں ان کی تصویریں مانگیں، جبکہ ایک سینئر کھلاڑی کی جانب سے ایسا رویہ اختیار کیا گیا جسے بیان کرنا بھی ان کے لیے مشکل ہے۔

یہ بھی واضح کیا گیا کہ جنس کی تبدیلی سے قبل اریان بانگر بھارت کے معروف نوجوان کرکٹرز جیسے مشیر خان، سرفراز خان اور یشسوی جیسوال کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔

دوسری جانب، انایا نے یہ بھی یاد دلایا کہ 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے خواتین کے کھیلوں میں شرکت کرنے والے ٹرانس جینڈر کھلاڑیوں پر پابندی عائد کر دی تھی، جس کے تحت وہ اب خواتین کے مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکتیں۔

یاد رہے کہ اریان بانگر نے تقریباً 22 سال ایک مرد کے طور پر گزارے، اور 2023 میں ہارمون تھراپی کے ذریعے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ 11 ماہ کے اندر وہ مکمل طور پر ایک ٹرانس جینڈر خاتون بن گئیں اور ان کا نیا نام انایا بانگر رکھا گیا۔