بھارتی شہر گڑگاؤں کے ایک نجی اسپتال میں ایک نہایت سنگین اور دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں بیماری کی حالت میں داخل ایک ایئرہوسٹس کو مبینہ طور پر وینٹی لیٹر پر رہتے ہوئے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 6 اپریل کو پیش آیا، تاہم اس کی اطلاع 13 اپریل کو اس وقت سامنے آئی جب متاثرہ خاتون نے صحت یاب ہونے کے بعد اپنے شوہر کو تفصیلات بتائیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس کے مطابق، 46 سالہ متاثرہ خاتون ایک ایئرلائن کمپنی کی جانب سے ٹریننگ کے لیے گڑگاؤں آئی تھیں اور دوران قیام اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
شکایت میں بتایا گیا ہے کہ 6 اپریل کو جب وہ وینٹی لیٹر پر تھیں، تب اسپتال کے عملے نے ان کی بے ہوشی کا فائدہ اٹھا کر زیادتی کی۔ خاتون نے یہ بھی بیان دیا کہ اس وقت دو نرسز بھی قریب موجود تھیں، لیکن وہ کچھ بولنے یا مزاحمت کرنے کے قابل نہ تھیں۔
متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق، انہیں 13 اپریل کو اسپتال سے فارغ کیا گیا اور گھر پہنچ کر انہوں نے اپنے شوہر کو سب کچھ بتایا، جس پر پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔
پولیس ترجمان سندیپ کمار نے تصدیق کی ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیشی ٹیم نے اسپتال جا کر سی سی ٹی وی فوٹیج، ڈیوٹی ریکارڈ، اور دیگر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کے مطابق، جلد ہی مشتبہ افراد کی شناخت کر کے گرفتار کیا جائے گا۔
دوسری طرف اسپتال انتظامیہ اور سیکیورٹی عملے نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔