اسلام آباد ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران شدید گراوٹ دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئیں اور زیر التوا سودے منسوخ کر دیے گئے۔

بازار حصص میں کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کا رجحان نمایاں تھا۔ ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3331.22 پوائنٹس کی نمایاں کمی ہوئی، جس کے باعث انڈیکس 115460 پوائنٹس تک نیچے آ گیا۔

بعد ازاں یہ منفی رجحان مزید شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ میں “سرکٹ بریکر” متحرک ہوگیا اور لین دین کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔

اس دوران انڈیکس میں مزید 6287 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی، جس سے یہ 112504 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

مزید برآں، 45 انڈیکس میں 5 فیصد کمی آنے پر بھی لوئر سرکٹ بریکر فعال ہو گیا، اور مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔ اس وقفے کے دوران تمام زیر التوا سودے منسوخ کر دیے گئے ہیں، جبکہ کچھ دیر بعد ٹریڈنگ بحال کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ایکویٹی اور ایکویٹی بیسڈ مارکیٹ 46 منٹ کے لیے بند رہے گی۔