توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں،اویس لغاری
وزیراعظم کی قیادت میں ایک سال میں شبانہ روز کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، وزیر توانائی
اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ایک سال میں شبانہ روز کاوشیں رنگ لا رہی ہیں،
وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اصلاحات کا عمل آگے بڑھا رہے ہیں، تمام امور میں شفافیت اور میرٹ پر توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، وزیراعظم نے ایک ٹاسک فورس بھی بنائی، ہر ادارے سے اچھے افسران کو ٹاسک فورس میں شامل کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے پاور ڈویژن، ایف بی آر، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، افسران اور مختلف ٹیموں کے ارکان کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوئی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اویس لغاری، محمد اورنگزیب، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، حنیف عباسی، شزا فاطمہ سمیت حکومتی عہدیداران نے شرکت کی، رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق، بزنس کمیونٹی اور پارلیمنٹ کے ممبران بھی تقریب میں شریک ہوئے۔