لاہور۔پاکستانی ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے حال ہی میں شوبز انڈسٹری کے منفی پہلوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے چند تلخ حقیقتیں شیئر کی ہیں، جو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں۔
نادیہ حسین ایک معروف اداکارہ، ماڈل، بزنس وومن اور کانٹینٹ کریئٹر ہیں، جو دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ فیشن انڈسٹری کا حصہ رہی ہیں۔ وہ حالیہ دنوں میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کی تاریک حقیقتوں اور ناجائز تعلقات پر کھل کر گفتگو کی۔
نادیہ نے انکشاف کیا کہ انڈسٹری میں کام کرنے کے دوران انہیں بھی کئی مواقع پر بااثر افراد کی جانب سے ناجائز مطالبات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے مرد حضرات نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں سے کام حاصل کرنے کے لیے ناجائز خواہشات رکھتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار انہیں پروگرام کی میزبانی کی پیشکش کی گئی، لیکن ساتھ ہی ایک “خصوصی ڈنر” کی بھی توقع کی جارہی تھی، جسے انہوں نے ٹھکرا دیا۔ نادیہ نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے حدود میں رہیں اور اس بات پر قائم رہی کہ اپنے کام کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گی۔
نادیہ نے مزید بتایا کہ وہ ایسی خواتین کو جانتی ہیں جنہوں نے ان حالات کا سامنا کیا اور اس فیصلے پر کوئی رائے نہیں دیتیں کیونکہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شادی شدہ افراد بھی اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں اور ان پر شک کرنا مشکل ہوتا ہے۔
نادیہ کا کہنا تھا کہ یہ مسائل صرف شوبز انڈسٹری تک محدود نہیں ہیں، بلکہ مختلف شعبوں میں اس طرح کے حالات پائے جاتے ہیں۔