واشنگٹن۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، کرسٹوفر رے نے یہ اعلان ایف بی آئی کے ایک اندرونی اجلاس میں کیا۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کھل کر یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ کرسٹوفر رے کی جگہ کاش پٹیل کو ایف بی آئی کا سربراہ بنانا چاہتے ہیں، جو ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ کاش پٹیل نے اپنے ممکنہ تقرر کے حوالے سے ایف بی آئی کے اختیارات کو محدود کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
کرسٹوفر رے، جو 2017 میں خود ٹرمپ کے ہاتھوں 10 سالہ مدت کے لیے ڈائریکٹر نامزد کیے گئے تھے، اپنے عہدے کے دوران ریپبلیکنز کی تنقید کا نشانہ بنے۔ خاص طور پر ٹرمپ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد ایف بی آئی کی جانب سے ان کے خلاف ہونے والی تحقیقات کے دوران رے کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
ایف بی آئی میں قیادت کی یہ تبدیلی ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب ایجنسی مختلف سیاسی تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ ٹرمپ کے وفادار کاش پٹیل کی ممکنہ تعیناتی اور ان کے سخت اقدامات کے اشارے نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔