چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی، مریم نواز
بیجنگ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شنگھائی کی کمپنیوں کو پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کا دورہ چین تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔ آج مریم نواز نے شنگھائی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر زؤ زونگ منگ سے ملاقات کی۔
مسٹر زؤ زونگ منگ نے مریم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں کے درمیان پنجاب اور شنگھائی کے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اکنامک اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا۔
مریم نواز نے چینی ماہرین کی طرف سے پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کو ٹریننگ اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شنگھائی کے فنانشل اور تجارتی مرکز کے طور پر عالمی سطح پر ابھرنے کو سراہا اور آٹوموبائل، آئی ٹی، سیمی کنڈکٹر، اور روبوٹکس سمیت دیگر صنعتوں میں شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی تعاون سے پاکستانی ماہرین کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پنجاب آئی ٹی سیکٹر کو ترقی دینے کے لیے شنگھائی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت میں مزید قربت ملی۔ سی پیک جیسے اہم منصوبے انہی کے وژن کے تحت ممکن ہوئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں کے سیاسی اور معاشی چیلنجز کے بعد اب استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری مسٹر زؤ زونگ منگ نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، اور عوامی تعلقات دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔