اسلام آباد۔پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی اور زمینی روابط کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک نے ماسکو سے پاکستان تک ٹرین چلانے پر اتفاق کر لیا ہے، اور وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ مارچ 2025 تک آزمائشی ٹرین کا آغاز کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق، روس اور پاکستان نے تجارتی اور روابطی میدان میں ترقی کے لیے مفاہمت کی ہے اور دونوں ممالک نے ماسکو سے پاکستان تک ٹرین چلانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ ٹرین آذربائیجان اور ایران کے راستے چلائی جائے گی اور مارچ 2025 تک اس کا آزمائشی آغاز ہو جائے گا۔
دونوں ممالک نے پاک روس انٹرگورنمنٹ کمیشن کے اجلاس میں مختلف اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر سردار اویس لغاری، جو حال ہی میں روس کا دورہ کر کے واپس آئے ہیں، نے اس پیشرفت کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹرین نارتھ ساؤتھ کوریڈور کے تحت چلائی جائے گی۔
مزید برآں، سردار اویس لغاری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان براہ راست فضائی سروس شروع کرنے پر بھی کام جاری ہے۔