The news is by your side.

دھرنے سے قبل اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کا انکشاف

0

اسلام آباد۔اسلام آباد میں 24 نومبر کے دھرنے سے قبل تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پس پردہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی معلومات کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ارکان کو احتجاج کے منصوبے اور اس کے بعد کی ممکنہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان مذاکرات کے لیے راستہ ہموار ہو رہا تھا، اور عمران خان کو بھی اس عمل میں شریک کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ تاہم، عمران خان کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاج کی کال نے مذاکراتی عمل کو تعطل کا شکار کر دیا۔ احتجاج کی تاریخ کا اعلان مذاکرات کے حق میں کام کرنے والے عناصر کے لیے حیرت کا باعث بنا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر عمران خان سنجانی میں دھرنے کے لیے تیار تھے، لیکن بشریٰ بی بی کی ہدایت پر ڈی چوک جانے کا فیصلہ ہوا۔ احتجاج کے دوران حالات کشیدہ ہونے پر بشریٰ بی بی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ بھی وزیراعلیٰ نے کیا، اور اس اقدام کی وجہ بشریٰ بی بی کو تحفظ فراہم کرنا بتایا گیا۔

اجلاس کے شرکاء کو مزید آگاہ کیا گیا کہ احتجاج کے دوران حکومت کی جانب سے کارروائی کے بعد پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تعلقات مزید خراب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات کی دوبارہ کوشش کی گئی تو یہ ایک طویل عمل ہو سکتا ہے۔

تحریک انصاف نے فی الحال اسلام آباد میں دوبارہ احتجاج کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے، لیکن ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر احتجاج کا فیصلہ دوبارہ کیا جاتا ہے تو وہ مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.