اسلام آبا د(یو این آئی)پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے نے سرکاری و نجی شعبے کے تعلیمی اداروں میں پرائمری اور سیکنڈری سکولز میں 5 سال کا تدریسی تجربہ رکھنے والے پاکستانی اساتذہ کے لیے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2024 کا اعلان کیا ہے۔ اس سکالرشپ کے لیے اپلائی کرنے والوں کی عمر 35 سال یا اس سے کم ہونی چاہیے۔
اس تربیتی کورس کا مقصد پاکستانی اساتذہ کو جاپان میں سکول تعلیم پر تحقیق کرنے اور جاپانی ماہرین سے جدید طریقہ کار اور تدریسی تکنیک سیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے جس سے ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔
جاپان کی وزارت تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس، اور ٹیکنالوجی (MEXT) ہر سال بین الاقوامی اساتذہ کو یہ اسکالرشپ پیش کرتی ہے جو جاپان کے نامزد تعلیمی اداروں میں بطور ٹیچر ٹریننگ سٹوڈنٹس جاپان میں سکول تعلیم پر تحقیق کرنا چاہتے ہیں۔
اس نان ڈگری ٹریننگ کورس کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 18 ماہ ہے۔ جاپان کی یونیورسٹی میں مطلوبہ کورس مکمل کرنے کے بعد شریک اساتذہ کو ایک سرٹیفکیٹ دیا جاے گا۔
درخواستیں بھیجنے کی آخری تاریخ 9 فروری 2024 ہے۔پروگرام کی تفصیلی معلومات سفارت خانے کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔