اسلام آباد ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کا آغاز ہوتا ہے تو تین بنیادی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع نے واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں کشمیر، دہشتگردی اور آبی وسائل کے مسائل سرفہرست ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا مسئلہ پچھلے دو سے تین دہائیوں سے جاری ہے۔
خواجہ آصف نے اس موقع کو پاکستان اور بھارت کے لیے مسئلہ کشمیر کو سلجھانے کا ایک قیمتی موقع قرار دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر گفتگو ایک اہم پیش رفت ہے، اور انہوں نے زور دیا کہ اس موضوع کو بھی مذاکرات کا حصہ بننا چاہیے۔
وزیر دفاع نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان، جو خود دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اسی پر دہشتگردی کا الزام لگا کر حملہ کیا گیا، جو کہ ایک افسوسناک تضاد ہے۔