اسلام آباد ۔پہلگام سانحے پر پردہ ڈالنے اور پاکستان پر الزام تراشی کے بعد بھارت نے شاہد آفریدی سمیت کئی پاکستانی یوٹیوبرز کے چینلز بند کر دیے
پہلگام واقعے میں اپنی ناکامی سے توجہ ہٹانے اور پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بعد، بھارت نے پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا یوٹیوب چینل بھی بلاک کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد ناقدین کی آواز دبانا اور اندرونِ ملک عوام کو مخالف بیانیے سے دور رکھنا بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی وزارت داخلہ کی سفارش پر 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بند کیا گیا، جن میں تین معروف سابق کرکٹرز کے چینلز بھی شامل تھے۔
شاہد آفریدی کی کھری باتیں اور بھارتی پالیسیوں پر دوٹوک مؤقف بھارتی حکومت کو ایک آنکھ نہ بھائے، یہی وجہ ہے کہ مودی حکومت نے ان کے چینل تک رسائی بھی محدود کر دی تاکہ ان کے بیانات بھارتی عوام تک نہ پہنچ سکیں۔
اس سے پہلے بھی بھارت، راشد لطیف، شعیب اختر اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز کو نشانہ بنا چکا ہے۔
پہلگام واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے بھارتی فوج اور حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر ایک معمولی سا دھماکہ ہو جائے تو فوری طور پر الزام پاکستان پر دھر دیا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے ہوتے ہوئے اگر ایسا واقعہ ہو جائے تو یہ تمہاری نااہلی کا ثبوت ہے۔”
اس بیان کے بعد بھارتی کرکٹر شیکھر دھون اور متنازع شہرت رکھنے والے دانش کنیریا نے شاہد آفریدی کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کی، مگر سابق کپتان نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔
ادھر بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے آفریدی کا یوٹیوب چینل ملک میں بلاک کیا گیا۔