اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے رہنما وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی کی پی ٹی آئی کے پی کے صدر اور پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات ،دونوں رہنماﺅں نے ملکی سیاسی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال سمیت اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔سندھ کے سابق امیرمحمد حسین محنتی نے کہاکہ کرپشن نے ملک کی بنیادی کو کھوکھلاکردیا ہے،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان میں کرپشن بڑھ جانے کی حالیہ رپورٹ اورمہنگائی کا طوفان گڈگورننس اورمعیشت کی بہتری کے دعویدارحکمرانوں کے منہ پرطمانچہ ہے۔کرپشن ،سودی نظام اورپاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔قرضوں اوربھیک سے نہیں بلکہ اپنے پاﺅں پرکھڑا ہونے،مفت خوری وکرپشن کے خاتمے،سادگی و کفایت شعاری کی پالیسیوں سے پاکستان ترقی اورملک میں استحکام آئیگا۔پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہاکہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ سیاست کوکاروبار اورمخالفین کو انتقامی کاروایوں کا نشانہ بنانے کی بجائے ملک وقوم کی خدمت کا ذریعہ اورسیاسی اختلافات سے بالاترہوکرایک دوسرے کا احترم کرتے ہوئے قومی مفاد کی خاطرملک کو معاشی وسیاسی بحرانوں سے نکالا جائے۔#