اسلام آباد ۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے پر افتتاحی تقریب کی تیاریاں حتمی مراحل میں پہنچا دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کو آئندہ ماہ اسٹیڈیم کے افتتاح کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق، وزیراعظم سہ فریقی کرکٹ سیریز کے آغاز سے قبل قذافی اسٹیڈیم کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ اسٹیڈیم کی جدید کاری کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اسے جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کا افتتاحی میچ 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جو شائقین کے لیے ایک بڑا ایونٹ ہوگا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، تاکہ بین الاقوامی کرکٹ کو مزید فروغ دیا جا سکے اور شائقین کو بہترین سہولتیں اور ایک یادگار تجربہ فراہم کیا جا سکے۔