اسلام آباد ۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جعلی لوگوں کے اقتدار سے مسائل حل نہیں ہوں گے، وزیراعظم کے مہنگائی کم ہونے کے دعوے جھوٹ ہیں، صرف گیس کی قیمتوں میں 319فیصد اضافہ ہوا، حکومت خود فیک نیوز پھیلاتی ہے، انٹرنیٹ پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں، آمریت چلے گی نہ زباں بندی قبول کریں گے، مدارس رجسٹریشن کے حق میں ہیں، تمام بورڈز کو اعتماد میں لے کر مسئلہ حل کیا جائے، قوم کے لیے 26ترمیم میں سبق ہے کہ پی ڈی ایم کس طرح کی سیاست کرتی ہے۔
جماعت اسلامی کی ”حق دو عوام کو“ تحریک جاری ہے، کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں مارچز ہوں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل ہی تمام خلیجی ممالک کو دھمکی دے دی، قتل عام کے مترادف بیان کی مذمت کرتے ہیں، امریکہ کی پشتیبانی سے اسرائیل غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، 29دسمبر کو اہل فلسطین سے یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں ملین مارچ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پنجاب کی قیادت کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، قائم مقام امیر پنجاب جنوبی صہیب عمار صدیقی، نائب امیر پنجاب جنوبی ثنا اللہ فارانی، نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی حافظ تنویر اور قیم جماعت اسلامی پنجاب شمالی اقبال خان بھی موجود تھے۔
امیر جماعت نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد میں مظاہرین کے ساتھ جو ظلم کیا اس کی تحقیقات کے لیے آزاد اور بااختیار کمیشن تشکیل دیا جائے۔ وفاقی دارلحکومت میں پختونوں کو پکڑا جارہا ہے، عوام میں تعصب اور تقسیم پیدا کرنے کے حکومتی ہتھکنڈوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں، اسلام آباد مظاہرین کی ہلاکتوں کے بارے میں حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے، حکمران پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں کے سیکڑوں ہلاکتوں کے بیان کے پیچھے چھپ کر اور پروپیگنڈہ کرکے اپنے جرم سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، چھ سات افراد تو ایسے ہیں جن کی موت جماعت اسلامی کے علم میں ہے، ایک شخص بھی جاں بحق ہوا ہے تو یہ ظلم ہے، جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں عوام کی قانونی معاونت کے لیے سیل قائم کردیا ہے، کسی شخص یا فیملی کو پولیس یا کوئی اور تنگ کررہا ہے تو جماعت اسلامی کے دفتر سے رابطہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا اور سوشل میڈیا پر پابندی لگا کر حقائق پر پردہ نہیں ڈال سکتی، معیشت پہلے ہی تباہ ہے، صنعتوں کا برا حال ہے، بجلی، پٹرول، گیس اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، دس کروڑ لوگ خطِ غربت سے نیچے ہیں، غریب کی کمر ٹوٹ چکی، مڈل کلاس بھی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے، ایسے میں انٹرنیٹ کی رفتار سست کرکے لاکھوں افراد کے روزگار کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔ حکمران اپنی مراعات ختم کریں، غریبوں اور تنخواہ داروں پر ٹیکس عائد کرنے کی بجائے خود ٹیکس دیں۔ کسانوں کو گنے کی مناسب قیمت نہیں مل رہی، مافیا ایکٹو ہوچکا ہے، حکمران کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کی مجبوری کی وجہ سے زراعت پر سبسڈی نہیں دے سکتے، ان سے پوچھا جائے کہ آئی ایم ایف تو جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کا بھی کہتا ہے یہ اقدام اٹھانے میں کیا رکاوٹ ہے۔ سود کی شرح کو سنگل ڈیجٹ پر لاکر بعد میں بتدریج مکمل ختم کیا جائے اس کے بغیر معیشت بحال نہیں ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ چھوٹے کسانوں کا استحصال کسی صورت قبول نہیں۔ حیرانی ہے کہ کسی سیاسی پارٹی کے ایجنڈے میں کسان اور مزدور کے مسائل شامل نہیں۔ جماعت اسلامی کسانوں کے حقوق کے لیے وہاڑی، منڈی بہاؤلدین، جھنگ سمیت بڑے شہروں میں اور بعد میں لاہور میں بھرپور احتجاج کرے گی۔ حکومت آئی پی پیز معاہدوں سے ہونے والے فائدہ کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے استعمال کرے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے تحریک جاری رہے گی۔ دیہاتوں اور شہروں میں محلوں کی سطح تک عوامی کمیٹیاں تشکیل دیں گے۔ ملک پر مسلط ٹولے سے نجات، جمہوریت اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔